فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں دراندازی کے دوران اسرائیلی فوج کی ایک جیپ مزاحمت کاروں کی بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد مکمل طور پر تباہ اور متعدد صہیونی فوجی زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوجی معمول کے گشت کے دوران وسطی غزہ میں البریج مہاجر کیمپ کے پاس سے ایک جیپ پر گذر رہے تھے کہ سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار قابض فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ تباہ ہونے والی گاڑی کے ساتھ ایک بلڈوزر بھی جوڑ گیا تھا، جو شہر میں مختلف مقامات پر گشت کے دوران فلسطینیوں کے پھل دار درخت اکھیڑ رہا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے آگ اور دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے تھے۔ بعد ازاں صہیونی فوج نے تباہ ہونے والی کار کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
قبل ازیں قابض فوج نے وسطی غزہ میں دیر البلح کے مقام پرصہیونی فوج کے بلڈوزوں نے شہریوں کی فصلات تباہ کرنے کے ساتھ کئی قیمتی درخت بھی اکھاڑ دیے تھے۔
یہاں یہ امرواضح رہے کہ اسرائیل اور غزہ کے مزاحمت کاروں کے مابین فائر بندی کا معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کی رو سے اسرائیل غزہ شہرمیں کسی قسم کی دراندازی کا حق نہیں رکھتا مگر معاہدے کے باوجود دراندازی کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین