فلسطین کی منظم مذہبی، سیاسی اورعسکری تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے غزہ کی پٹی میں ہفتے کےروز ایک فوجی پریڈ کا اہتمام کیا جس میں وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے بھی شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے مغرب میں القسام بریگیڈ کے سیکڑوں جانثار اسلحہ اٹھائے مختلف شاہراؤں اور میدانوں سے ہوتے ہوئے ساحلی کیمپ کے قریب النصر کالونی میں جمع ہوئے، جہاں تنظیم کے قائدین اور کمانڈروں نے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے صہیونی دشمن کو للکارنے والے فلسطینی مجاہدین کےکردار کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی فوجی تیاریوں اور جنگی مہارت کو سراہا۔
عینی شاہدین کے مطابق شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کے علاوہ فلسطینی اور حماس کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور وہ صہیونی فوج اور غاصب ریاست کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بلا خوف اپنی منزل کی جانب بڑھ رہے تھے۔
فوجی نمائش کے اختتام پر تنظیم کے مرکزی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ دشمن کی جانب سے مسلط کردہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔
