فلسطین کے شہروں مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں دو الگ الگ اسرائیلی فوجی اڈوں پر نامعلوم افراد نے پٹرول بموں سے حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز شمالی بیت المقدس میں صہیونی فوجی اڈے پرنامعلوم افراد نے پٹرول بموں سے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے اڈے میں کھڑی گاڑیوں پر پتھر بھی پھینکے، تاہم وہ فوجی کارروائی سے قبل موقع سے فرار ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسی طرح کا ایک دوسرا واقعہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں دیوار فاصل کے قریب فرعون قصبے میں ایک فوجی چوکی پر پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فوجی مرکز پر پٹرول بم اور پتھر پھینکے اور موقع سے فرار ہو گئے۔ ان دونوں واقعات کے بعد صہیونی فوج نے بیت المقدس اور مغربی کنارے کے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں، تاہم آخری اطلاعات تک کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے قریب قلندیہ کیمپ میں گھر گھر تلاشی لی، تاہم کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ خیال رہے کہ قلنیہ میں گذشتہ ہفتے صہیونی فوج نے کارروائی کر کے تین فلسطینیوں کو شہید اور بیس سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔
