اسلامی جہاد نے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے مشرقی علاقے اریحا میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی خاطر منعقد کی جانے والی کانفرنس کی مذمت کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کا ایک وفد بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لئے اریحا میں آرہا ہے۔
جہاد اسلامی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اریحا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد قابض اسرائیل کے ساتھ براہ راست طور پر تعلقات کو معمول کی سطح پر لانا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا معمول پر لانے کی یہ کارروائیاں امن مذاکرات کی بحالی کے بعد سے جاری ہیں۔
اریحا میں بدھ کے روز مشرق وسطیٰ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیسری سالانہ کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ اس کانفرنس کا انعقاد فلسطینی پولیس کی جانب سے کیا گیا تھا اور اس میں امریکی، اردنی اور اسرائیلی وفود نے شرکت کی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
