ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوان کے دورہ غزہ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ایردوان پانچ جولائی کو محصور فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کا دورہ کریں گے۔
اپنے اس دورے میں وہ شہرمیں قائم اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس۔ کی حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سمیت جماعت کی قیادت سے ملاقات کریں گے اور شہر میں بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔
غزہ کابینہ کےسیکرٹری جنرل عبدالسلام صیام نے اخبار”فلسطین” کو انٹرویو میں ترک وزیراعظم کی آمد سے متعلق بتایا کہ ایردوان پانچ جولائی کو غزہ پہنچیں گے۔ ان کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل ترکی کی حکومت اور میڈیا کے دو الگ الگ وفود بھی غزہ پہنچے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اور سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر غازی حمد سے ترک وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایردوان نے پانچ جولائی کو اپنے بیرون ملک دورے میں غزہ کا دورہ شامل کیا ہے۔ ان کا یہ دورہ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
