اسرائیلی فوج نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں گذشتہ ہفتے شروع کی جانے والی فوجی مشقیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فوجی مشقیں ایران، شام اور حزب اللہ کے خلاف جنگ کے تناظر میں کی گئی تھیں۔
اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق شام میں بغاوت کی تحریک کے زور پکڑنے اور اس کے پڑوسی ملک لبنان پر اثرات کے بعد صہیونی فوج کے لیے خود کو ہرطرح کے حالات کے لیے تیار رکھنا ضروری ہو گیا تھا، جس بناء پر فوج کو تازہ دم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شام میں تیزی سے بدلتے حالات کے باعث وادی گولان کو لاحق خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ وادی گولان شام کا علاقہ ہے جس پر اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی فلسطین میں تازہ جنگی مشقوں میں "ریزرو فوج” کے ایک بریگیڈ، وسطی ریجن کی فوجی کمان، فضائیہ اور نیوی کے دستوں کو شریک کیا گیا۔ ان مشقوں میں فضائیہ کے دستوں کو فرنٹ لائن میں لڑنے کے تجربات سے گذارا گیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
