فلسطینی وسائل پر قبضے اور شہریوں کو نت نئی مشکلات سے دوچار کرنے کی صہیونی سازشیں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں صہیونی فوج نے پانی کے کنوؤں کی کھدائی کی آڑ میں مقامی شہریوں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی ایک نئی سازش شروع کی ہے۔
مغربی کنارے کے شمال میں واقع اس خوبصورت شہر کی وادی عین نینی میں اسرائیلی فوج کی ایک چوکی بھی قائم کی گئی ہے جس میں موجود فوجیوں نے علاقے میں اپنی غنڈہ گردی تیز کر دی ہے۔ راہ چلتے مسافروں کی تلاشی اور ان کی شناخت پریڈ کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی بھی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے جنین میں عام شہریوں کے گھروں پر چھاپوں کو بھی معمول بنا رکھا ہے اور دن میں کئی بار قابض فوج چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے لوگوں کے گھروں میں گھس کر تلاشی کی آڑ میں شہریوں کو زدو کوب کرتی ہے۔
جنین میں قباطیہ اور الزبابدہ ٹاؤنز میں صہیونی فوج اور پولیس کے دستے سڑکوں پر گشت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے افسران بالخصوص پانی کی تلاش کے لیے مختص انتظامیہ کے اہلکاروں نے پانی کے کنوؤں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر کنوؤں کی کھدائی کی آڑ میں مقامی فلسطینی آبادی کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
