فلسطینی وزارت مواصلات اور ٹکنالوجی کے زیر اہتمام یادگاری ٹکٹوں کے ایک سیٹ کا اجرا کیا ہے۔ ان ٹکٹوں میں غزہ پر حالیہ اسرائیلی حملے میں فلسطینی مزاحمت کے مختلف مظاہر کی عکاسی کی گئی ہے۔
یادگاری ٹکٹوں کے اجرا کی تقریب فلسطینی مزاحمتی تحریک کے عظیم کمانڈر سعید الجعبری کی الشجاعیہ کالونی میں واقع رہائشگاہ پر بدھ کے روز منعقد ہوئی جس میں فلسطینی نائب وزیر اعظم زیاد الظاظا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زیاد الظاظا نے کہا کہ یادگاری ٹکٹوں کے اجراء کے ذریعے ہم فلسطینی عوام کو ان کے ماضی اور حال سے جوڑنا چاہتے ہیں۔ نیز اس کاوش کے ذریعے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی مظالم کا پردہ بھی چاک کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے مصائب اور تکالیف کا دور لد چکا ہے۔ اب ہمیں فلسطینی مزاحمت کی کامیابیوں اور خوشخبریوں سے عبارت روشن تاریخ کو یاد رکھنا چاہئے۔ زیاد الظاظا نے کہا کہ ‘حجارہ السجیل معرکے’ کے یادگاری ٹکٹوں کے افتتاح کے لئے شہید کمانڈر الجعبری کے گھر کا انتخاب اس تقریب کے لئے بہترین انتخاب ہے کیونکہ یہ جگہ قربانیوں اور فتوحات کا حقیقی نمونہ ہے۔