اسرائیلی جیلوں میں قید 32 اردنی اسیر قسام بریگیڈ کے کمانڈر عبداللہ برغوثی کی زیر قیادت میں مسلسل 30 دنوں سے نظر انداز کئے جانے اور مسلسل قید پر احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کررکھی ہے۔
بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے خاندانوں نے اردنی حکومت سے اپنے عزیزوں کی رہائی کے لئے فوری طور پر مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔
اردنی اسیران کو 10 سال سے لے کر عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان میں سے اکثر فلسطینی ہیں جو کہ اردنی شہریت کے حامل ہیں۔ وہ اردن میں رہائش پذیر تھے مگر بعد میں انہوں نے قابض ریاست کے خلاف عسکری کاروائیوں میں حصہ لینے کی خاطر فلسطین کا رخ کیا تھا۔
فلسطینی اسیران سوسائٹی کے وکیل کے مطابق برغوثی کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے۔ برغوثی جو کہ مغربی کنارے میں حماس کے سابق عسکری کمانڈر ہیں انہیں 67 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
برغوثی نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک اردنی اسیران کے تمام مطالبات پورے نہیں ہوجاتے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
