اسرائیل کی ایشل جیل کی انتظامیہ نے اسیر تامر الریماوی کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جس کی وجہ سے ان کی صحت بہت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
فلسطینی اسیران سوسائٹی کے ایک بیان کے مطابق تین بار عمر قید کی سزا کاٹنے والے تامر ایک اعصابی بیماری کا شکار ہیں۔
ان کے مطابق تامر کی صحت اس وقت انتہائی خراب ہوگئی جس وقت ان کو تین دیگر فلسطینیوں سمیت قتل کے یہودی مجرموں کے ساتھ قید تنہائی میں رکھا گیا۔
سوسائٹی کے مطابق ایشل انتظامیہ نے ریماوی کو تین اور فلسطینی اسیران سمیت سیکشن 3 کے ایک کمرے میں بند کررکھا ہے۔ جیل کا یہ سیکشن قتل کے قیدیوں کے لئے مخصوص ہے۔
اسیر تامر کی ماں نے ان کے لئے باقاعدہ علاج کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں کے دوران تامر نے طبی طور پر نظر انداز کئے جانے پر دوائی کھانے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
