اسرائیلی عدالتی نظام نے صیہونی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے فلسطین دشمنی کی ایک اور مثال قائم کردی۔ اطلاعات کے مطابق یروشلم کی اسرائیلی مجسٹریٹ عدالت نے متعدد کم سن بچوں سمیت کئی فلسطینیوں کے ریمانڈ میں توسیع کردی۔
تضامن فائونڈیشن سے تعلق رکھنے والے وکیل محمد محمود نے مرکز اطلاعات وادی حلوہ کو بتایا ہے کہ عدالت نے ہفتے کے روز حراست میں لئے جانے والے 15 سالہ مصعب عبد ربو کی مدت حراست میں جمعرات تک کے لئے توسیع کردی۔
انہوں نے بتایا کہ دو اور 15 سالہ بچوں کو قید میں رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جن میں سے ایک کو جمعرات جبکہ دوسرے کو منگل کے روز تک حراست میں رکھا جائے گا۔
سنٹر نے مزید بتایا کہ پچھلے ماہ حراست میں لئے جانے والے ایک اور بچے کی مدت حراست میں جمعرات تک کے لئے توسیع کردی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے مرکز کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے قدیم یروشلم کی گلیوں میں سے ایک نو سالہ بچے کو بھی حراست میں لے لیا اور اسے پوچھ گچھ کے لئے ساتھ لے گئے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
