اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رہنما صلاح بردویل نے خبر دار کیا ہے کہ مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے حالیہ دورہ چین کا مقصد مسئل فلسطین میں پیش رفت کے بجائے اسرائیل کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محمود عباس اپنے اس دورے کے دوران اسرائیل اور چین کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے اور اسرائیل کو عالمی تنہائی سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرینگے۔
صلاح بردویل نے خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چین کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے اور قربانیاں دینے والوں اور ظلم ڈھانے والوں کو ایک صف میں کھڑا نہ کرے۔ انہوں نے چین سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی سرزمین کو غصب کردہ اور اس قوم کو مظلوم قوم کے طور پر سامنے رکھ کر کوئی اقدام اٹھائے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ چین اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی تعلقات کے بعد چین جیسی بڑی قوت بھی مظلوم اور ظالم کے درمیان برابری کرنے والی قوت شمار ہو جائیگی۔
انہوں نے محمود عباس کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے محمود عباس کو کچھ نہیں دیا اس کے باوجود وہ اسی کے مفادات کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔ اور چین اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی تعلقات قائم کرنے کے لیے بریج کا کام کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین