اسرائیلی بحریہ کی جنگی کشتیوں پر سوار اہلکاروں نے غزہ کے ساحل سے صرف ایک میل کی مسافت دور سمندر میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی ہے۔ بدھ کے روز غزہ کی پٹی کے مغربی علاقے السوڈانیہ کے ساحل کے قریب ماہی گیروں کی کشتی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
اسرائیلی بحری پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ صہیونی جنگی کشتیوں کی جانب سے مشین گنوں سے براہ راست ماہی گیروں پر فائر کھول دیا گیا تاہم خوش قسمتی سے اس فائرنگ کی زد میں آکر کوئی بھی فلسطینی زخمی نہیں ہوا۔
فلسطینی ماہی گیر بخیر و عافیت اپنے علاقے میں واپس آگئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مصر کی ثالثی میں حماس کے ساتھ سیز فائر معاہدے میں اسرائیل نے غزہ کے ماہی گیروں کو چھ میل تک سمندر میں شکار کی اجازت دی تھی لیکن اس کے باوجود صہیونی بحریہ متعدد بار فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کر چکی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
