اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رکن عزت رشق کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ہاؤسنگ منسٹری نے حال ہی میں مقبوضہ بیت المقدس میں یہودیوں کے لیے 121 نئے رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ اسی طرح صہیونی حکومت نے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کی 4000 ایکڑ اراضی پر ہتھیا کر یہودی آبادی کاری کی توسیع کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔
عزت رشق نے زور دے کر کہا کہ یہودی آباد کاری میں تیزی فلسطینیوں کو زمین سے محروم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے عرب اور اسلامی دنیا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ کوہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی زمین ہڑپ کرنے سے باز رکھیں۔
حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک مغربی کنارے میں اسرائیل کے خلاف اسلحہ نہیں اٹھایا جائے گا اسے ان منصوبوں سے روکا نہیں جا سکتا۔ عزت رشق نے کہا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں یہودی بستیوں میں اضافہ کرنے سے روکنے کا موثر طریقہ یہ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اس کے ساتھ سکیورٹی تعاون ختم کردے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے سکیورٹی تعاون کی عدم موجودگی میں اسرائیل کو اپنے یہودیوں کو ان علاقوں میں بسانے کی فکر رہے گی؟
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین