مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی نے سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حماس کے مزید تین حامی گرفتار کرلیے ہیں۔ رام اللہ میں عباس ملیشیا نے ایک صحافی خلدون مظلوم کے گھر کا محاصرہ کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ بغیر کسی وجہ سے گرفتار کیے گئے صحافی کی اہلیہ نےبتایا کہ خلدون مظلوم کو گھر پہنچے ہوئے ابھی ایک گھنٹہ ہی گزرا تھا کہ اتھارٹی کے اہلکاروں نے گھر پر حملہ کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی نےاہلکاروں نے خلدون مظلوم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام کی جانب منتقل کردیا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے صحافی کو اس سے قبل بھی فلسطینی اتھارٹی متعدد بار حراست میں لے چکی ہے۔
ادھر مغربی کنارے کے شہر سلفیت میں بھی فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے سیاسی وجوہات کی بنا پر طارق مصلح کو بدیا ٹاؤن سے گرفتار کرلیا ہے۔ انہیں دو روز قبل تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ ادھرطولکرم شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوان مصطفی عمر بدیر کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
نابلس میں سیاسی بنیادوں پر گرفتار محمد جناجرہ کو چار روز قبل گرفتارکیا گیا تھا تاہم اب انہیں اریحا جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جناجرہ کا تعلق طلوزہ ٹاؤن سے ہے، انہیں پانچ سے زائد مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا اور وہ پانچ سال اسرائیلی جیلوں میں بھی رہ چکے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
