فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے مصری انٹیلی جنس امور کے وزیر کرنل رأفت شحاتہ سے ملاقات کرکے فلسطین کے تازہ حالات پر گفتگو کی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر خصوصی تبادلہ خیال کیا۔
مصری وزیر نے منگل کی شام اسماعیل ھنیہ کو ٹیلی فون کیا اور مصری ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے مابین ہونے والے امن معاہدے کی خلاف ورزیوں پر خصوصی گفتگو کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اکیس نومبر کو طے پانے والے سیز فائر معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوجیں درجنوں پر اس کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہیں۔
فلسطینی وزیر اعظم نے اس سے قبل گزشتہ ہفتے کرنل رأفت شحاتہ سے مصر میں ملاقات بھی کی تھی اور اس ملاقات میں مصری نگرانی میں فلسطینی تنظیموں کے مابین ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔
اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مسلسل حملے جاری ہیں، ہر دوسرے چوتھے روز صہیونی فوج سرحد پار کرکے غزہ کے اندر داخل ہو جاتی ہے۔ غزہ کی مشرقی سرحد کے ساتھ ساتھ مغربی ساحل پر بھی فلسطینی ماہی گیروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے سیز فائر معاہدے میں فلسطینیوں کو ساحل سے چھ میل تک کی مسافت میں مچھلیوں کے شکار کی اجازت دی تھی لیکن اس کے بعد اس مسافت کو دوبارہ تین میل کردیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
