اسرائیلی عدالت نے جمعہ کے روز القدس کے شعفاط کیمپ میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران گرفتار کیے گئے نو فلسطینیوں کی مدت حراست میں اگلے پیر کے روز تک توسیع کر دی ہے۔
وادی حلوہ مطالعاتی مرکز کے وکیل محمد محمود نے بتایا کہ اسرائیلی کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے زیر حراست 16 سالہ یوسف فرحان، 18 سالہ عبادہ القواسمی، 17 سالہ الیاس الرجبی اور 17 سالہ علی بدر کو مزید تحقیقات کے لیے اگلے پیر تک مزید قید رکھنے کی ہدایت کر دی۔ ان نوجوانوں پر القدس میں شعفاط کیمپ کی چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کی شام عرب لبادے میں ملبوس اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے شعفاط کیمپ سے ان چار افراد کو گرفتار کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ وکیل محمد محمود نے بتایا کہ زخموں سے چور ان چاروں افراد کو تاحال طبی امداد کے لیے کسی ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
عدالت نے مسجد اقصی میں ہونے والی جھڑپوں میں شرکت کے الزام میں گرفتار محمد محیسن کی مدت حراست میں بھی پیر کے روز تک توسیع کردی۔ ادھر ایک نوجوان مامون فرحان کو جمعرات تک گرفتار رکھنے کا کہا گیا ہے۔
ادھر حمد ریاض ابو لافی، سترہ سالہ اور محمود عماد ابو لافی، سترہ سالہ، کو اتوار کے روز تک حراست میں رکھ کر ان سے تفتیش جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
