القدس کی اسلامک سپریم کونسل کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے مسجد اقصی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسز کے اس حملے کا مقصد فلسطینی نمازیوں کو خوفزدہ کرکے قبلہ اول میں آنے سے روکنا ہے۔
جمعہ کے روز صہیونی سکیورٹی فورسز نے نماز جمعہ کے بعد نمازیوں پر حملہ کر دیا تھا، آنسو گیس کے شیلوں کی بوچھاڑ اور تشدد کی زد میں آکر درجنوں نمازی زخمی ہو گئے تھے۔
شیخ عکرمہ صبری نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے پہلی مرتبہ مسجد اقصی کے نمازیوں کو اس طرح تشدد کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ اسرائیلی فورسز آئے روز مسجد اقصی میں گھس کر نمازیوں کو زدوکوب کرتی رہتی ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اسرائیلی فوج کا یہ حملہ پہلے سے طے شدہ تھا جس کا مقصد مسجد میں نماز پڑھنے آنے والے فلسطینیوں کی ہمت کو توڑنا تھا، تاہم صہیونی دشمن یاد رکھے کہ اس طرح کے مظالم سے وہ فلسطینی قوم کے ارادوں کو مضمحل نہیں کر سکتا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
