اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے مسجد اقصی پر دھاوا بولنے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں دس فلسطینی زخمی اور 30 گرفتار کر لیے گئے۔ صہیونی سکیورٹی فورسز نےنماز جمعہ کے بعد قبلہ اول کے قریبی علاقے میں فلسطینیوں کی نکالی گئی ایک ریلی پر بھی حملہ کر دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے مسجد کے تین دروازوں سے دھاوا بولا اور مسجد اقصی کے اطراف میں نکالی جانے والی ریلی پر بھی حملہ کر دیا۔ دونوں جانب سے شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران اسرائیلی پولیس نے اشک آور گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے مسجد میں موجود نمازیوں اور دیگر افراد کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
صہیونی اہلکاروں نے فلسطینیوں پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں جس کی زد میں آ کر ایک فلسطینی بچی بھی شدید زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فورسز نے کم از کم تین نمازیوں کو گرفتار کیا جن کا تعلق سلوادی اور کرکی خاندانوں سے تھا۔ گرفتار کیے گئے افراد کو تفتیشی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
