غزہ میں فلسطینی حکومت کے ترجمان طاہر النونو نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کے فریم ورک میں کسی بھی عرب، اسلامی یا بین الاقوامی رہنما کے دورے کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ ایسے دورے فلسطینیوں کی جدوجہد سے اظہار یکجہتی کا باعث بنتے ہیں۔ ان سے اسرائیل کی امتیازی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔
طاہر النونو نے ان خبروں کی دوٹوک الفاظ میں تردید کی جن میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی کے دورہ غزہ کی سرکاری سطح پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی وزیر اوقاف اسماعیل رضوان نے مسٹر میقاتی سے بیروت میں ہونے والے ملاقات میں انہیں غزہ آنے کی دعوت دی تھی۔ اس دعوت کے جواب میں انہوں نے ایسے ہی جذبات کا اظہار فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل کے لئے بھی کیا۔
طاہر النونو نے کہا کہ غزہ کے دروازے امت کے نمائندوں کے ہر وقت کھلے ہیں۔ اسرائیلی حملے کے بعد غزہ میں ہونے والے تباہی کا جائزہ لینے کے لئے دینا بھر سے نمائندہ شخصیات نے غزہ کا دورہ کیا تھا۔ ان میں نمایاں نام امیر قطر حمد بن خلیفہ آل ثانی اور ملائیشین وزیر اعظم کا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
