اسرائیل جیل میں گزشتہ 59 دنوں سے احتجاجی بھوک ہڑتال کرنے والے تین فلسطینی اسیران کی حالت نازک ہو گئی ہے۔ اس امر کا انکشاف انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے کیا ہے۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم سے وابستہ وکیل محمد العبد نے بتایا کہ فلسطینی اسیران طارق قعدان، جعفر عزالدین اور یوسف یاسین کو خون کی قے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
رملہ جیل میں بھوک ہڑتالی فلسطینیوں سے ملاقات کے بعد محمد العبد نے بتایا کہ فلسطینی قیدیوں کو خونی لوتھڑوں والی قے آ رہی ہیں کیونکہ ان کا معدہ اب پانی کو مزید برداشت نہیں کر رہا۔
انہوں نے بتایا کہ طویل بھوک ہڑتال کے باعث فلسطینی اسیران کی حالت غیر ہو چکی ہے اور وہ نماز بھی بیٹھ کر ہی ادا کر رہے ہیں۔ انہیں ہر وقت غنودگی، سر درد اور ٹانگوں میں ورم کی شکایت لاحق رہتی ہے۔ تینوں قیدی مسلسل طبی معائنے سے انکاری ہیں۔ وہ وٹامینز، نمکیات یا طبی مشروب لینے سے بھی انکاری ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
