سن 1948 میں فلسطین کے اکثر حصے پر قبضہ کرکے بنائی گئی صہیونی ریاست کی حکومت نے غزہ کے 24 شہریوں کو اپنے رشتہ دار اسیران سے ملاقات کے لیے مقبوضہ فلسطین میں داخل ہونے کی اجازت دیدی ہے۔ یہ چوبیس فلسطینی بئر سبع کی ایشل جیل میں اپنے رشہ دار قیدیوں سے ملاقات کرینگے۔
غزہ میں عالمی تنظیم ریڈ کراس کے میڈیا سیل نے ”مرکز اطلاعات فلسطین” کے ترجمان کو بتایا کہ صہیونی جیل میں قید انیس فلسطینیوں کے رشتہ داربیت حانون کراسنگ عبور کر کے اسرائیل میں داخل ہو گئے ہیں، جہاں وہ ایشل جیل میں موجود اپنے پیاروں سے ملاقات کرینگے ۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے چند ماہ قبل فلسطینی اسیران کی طویل بھوک ہڑتالی مہم کے بعد اسیران تحریک کے قائدین کے ساتھ ایک معاہدے میں غزہ کے شہریوں کو جیلوں میں موجود اپنے پیاروں سے ملاقات کی اجازت دینے کا معاہدہ کیا تھا۔ صہیونی عقوبت خانوں میں سیکڑوں اسیران کی بھوک ہڑتال کے بعد اس معاہدے کے تحت چھ سال بعد اہل غزہ کی اپنے اسیران سے ملاقات کی راہ ہموار ہوئی تھی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین