جنگ سے متاثرہ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سوڈان کے اعلی حکام کی قیادت میں ایک ساٹھ رکنی وفد مصر کے زیر انتظام رفح سرحدی کراسنگ کے راستے غزہ کی پٹی پہنچا۔ وفد کی قیادت سوڈانی صدر کے مشیر قطبی المھدی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفد کے ارکان ادویہ اور دیگر ضروری طبی ساز و سامان بھی اپنے ہمراہ لائے ہیں۔ غزہ میں اپنے قیام کے دوران سوڈانی وفد فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ سمیت دوسرے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی بھائیوں کے لئے سوڈانی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد اس بات کا بین ثبوت ہے کہ فلسطینی کاز پوری امت مسلمہ کا مرکزی نقطہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوڈان کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت خرطوم کو اپنی سب سے بڑی ترجیح بنانے سے نہیں روک سکی۔ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ غزہ پر حالیہ جنگ میں اسرائیل کی پسپائی دراصل فلسطینیوں کی نہیں بلکہ سوڈانی عوام کی کامیابی ہے۔ سوڈانی وفد کے سربراہ ڈاکٹر قطبی مہدی احمد نے اپنے وفد کے ہمراہ غزہ آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین