باخبر معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حماس اور فتح کے درمیان مصری دارلحکومت قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں میں چھے نکات پر اتفاق ہو گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو ذرائع نے بتایا کہ پولٹ بیورو حماس کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں تنظیم کے وفد اور فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی قیادت میں ‘فتح’ کے وفد نے فلسطینی تنظیموں کے درمیان مصالحت کی ایک پیکج کے طور پر منظوری دینے سے اتفاق کیا ہے۔
فریقین نے غزہ اور مغربی کنارے میں ووٹوں کے اندراج کے لئے انتخابی کمیٹی کی تشکیل، نیشنل کونسل کے معاملات اور محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے قیام سے متعلق مشاورت شروع کرنے پر زور دیا۔
ضروری کارروائی کے بعد فریقین نیشنل کونسل، مجلس قانون ساز [پارلیمنٹ] اور صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ فلسطینی تنظیموں کے رہنما اگلے ہفتے اجلاس میں پیش آئند ملاقاتوں کی تاریخیں طے کریں گے۔ نیز فروری کی یکم تاریخ کو ہونے والے اجلاس میں نیشنل کونسل کے قانون کی منظوری بھی دی جائے گی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین