اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ دو مہینوں کے دوران فلسطینی شہریوں کے اسرائیلی اہداف پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے فوجی تنصیبات، یہودی دشمن کی متعدد کالونیوں سمیت مغربی کنارے کے شہروں یروشلم، رام اللہ اور قلقیلیہ پر سنگ باری، خالی شیشے کی بوتلوں اور پٹرول بموں سے حملے کئے ہیں۔
عبرانی ویب سائٹ ‘یشا’ کے مطابق گزشتہ دو مہینوں کے دوران یہ حملے روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ درجنوں مزاحمتی کارروائیوں میں اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آباد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ان کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں کاروں اور فوجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ویب سائٹ کے مطابق اسی مدت کے دوران عوامی مزاحمت کی بعض نئی جہتیں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔ ان میں مزاحمت کاروں کی جانب سے فلسطینی قصبوں اور دیہات کےداخلی راستوں پر رکاوٹیں لگا کر اسرائیلی دراندازی کو روکنا قابل ذکر ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
