اسرائیلی اسپیشل فورسز نے مغربی کنارے کے شہر جنین کے ایک معروف صنعتی علاقے پر دھاوا بولا، مطلوب فلسطینی کی تلاش میں صہیونی اہلکاروں نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایک فلسطینی شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی ہونے والے بائیس سالہ فادی علاء عبد اللطیف کو ٹانگوں میں گولیاں لگیں۔ عینی شاہدین نے ”مرکز اطلاعات فلسطین” کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ کی اس کارروائی کے بعد علاقے میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اہلکاروں نے گھر میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی، صہیونیوں کا دعوی تھا کہ وہ ایک مطلوب شخص کو تلاش کر رہے ہیں جو اس گھر میں چھپا ہوا ہے۔ اپنی اس جارحیت کے دوران اسرائیلی فورسز نے اندھا دھند
فائرنگ بھی کی، جس کے بعد اہل علاقہ نے مشتعل ہوکر اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ان جھڑپوں کے دوران صہیونیوں کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوا۔
یاد رہے کہ جس علاقے پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا تھا یہ علاقہ سن 1993 کے اوسلو معاہدے کے تحت ”کیٹگری اے” میں آتا ہے۔ اس کیٹگری کے علاقوں کا سکیورٹی اورسول انتظام فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہے۔ اس کارروائی کے دوران علاقے میں فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے حسب معمول صہیونی فوج کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اتھارٹی فورسز کی جانب سے صہیونی فوج کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے ایسے مظاہر اکثر و بیشتر دیکھنے میں آتے رہتے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
