مغربی کنارے کے شہر طوباس میں ایک جہادی کارکن کی گرفتاری کے لئے صہیونی فوج کے آپریشن کے دوران پانچ شہری گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے گائوں پر اچانک دھاوا بول دیا۔ بعد ازاں حملہ آور فوجیوں نے اسلامی جہاد تنظیم کے کارکن مراد بنی عودہ کے گھر کا محاصرہ کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے دوران صہیونی فوجیوں اور مقامی افراد کے درمیان میں شدید جھڑپ ہوئی۔ اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر گولی چلا دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے ایمبولینس گاڑیاں علاقے میں نہیں آنے دیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین