اسرائیلی جیل میں چھے مہینوں سے بھوک ہڑتال کرنے والے سامر العیساوی اور ایمن شراونہ سے اظہار یکجہتی فلسطین کے طول و عرض میں جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر اظہار یکجہتی کے بعد اب ایف ایم ریڈیو چینلز بھی اسیران کے ہمنوا بن گئے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے 14 ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز نے سامر اور شروانہ سے یکجہتی کے لئے دو گھنٹے کی خصوصی نشریات پیش کیں۔بھوک ہڑتالی اسیران سے یکجہتی مہم میں فلسطین ریڈیو بورڈ کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں شراونہ اور سامر العیساوی کے مسئلے کو اجاگرکیا گیا۔ رپورٹ میں فلسطینی وزارت اسیران، انسانی حقوق کی مقامی تنظیموں، غزہ حکومت کے زیرانتظام شعبہ اطلاعات و نشریات، سماجی کارکنوں کی سوشل میڈیا مہم پر روشنی ڈالی گئی اور ان تمام ادارون کے کردار کو سراہا گیا۔ خصوصی نشریات میں سامر العیساوی اور ایمن شروانہ کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔خیال رہے ایمن شراونہ اور سامر العیساوی کی چھے ماہ سے جاری بھوک ہڑتال سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا لیکن صہیونی حکام ان کی رہائی پر تیار نہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین