اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے مسجد اقصی پر دھاووں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف یہودی آبادکار قبلہ اول میں گھس کر اس میں تلمودی رسومات ادا کر رہے بلکہ خفیہ موساد کے اہلکا ر بھی اپنے دوروں میں مسجد کے تمام حصوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بدھ کی صبح بھی صہیونی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی حفاظت میں مراکشی دروازے سے مسجد پر دھاوا بولا۔قبلہ اول کے گارڈز کے مطابق انٹیلی جنس اہلکاروں نے اپنے تازہ دھاوے میں قبلہ اول کے تمام صحنوں اور مقامات کا ترتیب وار جائزہ لیا۔ اس دوران خفیہ عہدیداروں کے لیے قبلہ اول کے ہر حصے کے متعلق خصوصی تشریح کی جاتی رہی۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مسلمانوں کے اس تیسرے مقدس ترین مقام پر حملے منظم انداز میں جاری ہیں۔ ایک جانب یہودی آباد کاروں کے چھوٹے گروپ صہیونی پولیس کے ہمراہ مسجد میں داخل ہو کر رقص و سرور پر مبنی یہودی رسومات ادا کرکے اس جگہ پر اپنا حق جتانے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری جانب یہودی رہنماؤں اور خفیہ اہلکاروں کی جانب سے دھاوے بول کر قبلہ اول کے متعلق خفیہ صہیونی منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاتا ہے.دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصی کے خلاف ریشہ دوانیوں میں تیزی کے تناظر میں فلسطینیوں نے بھی مسجد کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ نمازیوں اور اسکول کے طلبہ نے اپنے تعلیمی حلقے مسجد اقصی کے تمام اطراف پھیلا دیے ہیں، تاکہ مسجد کے صحنوں کا کوئی بھی حصہ مسلمانوں کی سرگرمیوں سے خالی نہ رہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین