اسرائیلی سکیورٹی فورسز فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، پیر کے روز بھی صہیونی فورسز نے مغربی کنارے کے شہر نابلس سے چار افراد کو گرفتار کر لیا، رام اللہ کی ایک آبادی پر صہیونی اہلکاروں کے دھاوے کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں
ادھر غزہ کے ساحل پر صہیونی بحریہ نے ایک فلسطینی ماہی گیر کو زخمی اور دوسرے کو حراست میں لے لیا، دوسری جانب نابلس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی ایک اسرائیلی فوجی مرکز پر حملہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نابلس کے مشرقی بلاطہ کیمپ پر صہیونی فورسز نے متعدد فلسطینی گھروں پر حملہ کر کے توڑ پھوڑکی ، اس دوران ایک سکول کے ڈائریکٹر استاد فرید مسیمی کو ان کے گھر سے اغوا کر لیا گیا۔ معاجین کے علاقے میں بھی ایک ایسی ہی کارروائی کے دوران مھدس شافعی نامی شہری کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے گھر پر کارروائی کے دوران اسرائیلی غنڈوں نے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ نابلس کے ہی گاؤں برقہ پر ایک دھاوے میں دو گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کے دوران دونوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
نابلس کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے علی الصبح فجر کے وقت قرابہ گاؤں پر دھاوا بولا اور صدام صلاح اور ضیاء صلاح نامی دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
ادھر مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے مغربی گاؤں نبی صالح اور بیت ریما پر صہیونی فورسز کے حملوں کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی اہلکاروں کے مابین باقاعدہ جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ اسرائیلی فوجیوں کے بیت ریما گاؤں میں داخل ہونے کے بعد اہل علاقہ نے مشتعل ہو کر ان پر سنگ باری شروع کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ان جھڑپوں میں چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں تین بھائی بھی شامل ہیں جن کے نام ابراھیم، فراس اور محمد ریماوی ہیں۔
گاؤں نبی صالح کی دیہی کونسل کے مطابق یہاں آدھی رات کو اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد نے حملہ کیا اور ایک گھر پر چھاپہ مار کر فلسطینی مزاحمت کار عبد الحکیم تمیمی اور ان کے بھائی کو گرفتار کرلیا۔ تاہم کچھ گھنٹے بعد تمیمی کے بھائی کو رہا کردیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا اسرائیلی فورسز کا گاؤں پر حالیہ حملہ گزشتہ دو روز سے اس علاقے میں ہونیوالے فائرنگ کے واقعات کے تناظر میں تھا۔
ادھر فلسطین کے مغربی حصے غزہ کی پٹی کے ساحل پر اسرائیلی بحریہ نے ایک کارروائی کی اور غزہ کی سمندری حدود میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف ایک ماہی گیر کو فائرنگ کر کے زخمی کیا جبکہ ایک دوسرے ماہی گیر کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی بحریہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی عسکری بحری کشتیو ں پر سے غزہ کے سمندر میں موجود ایک کشتی پر فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر کشتی میں موجود ایک فلسطینی زخمی ہو گیا جبکہ دوسرے کو قریب پہنچ صہیونی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب مغربی کنارے کے شہر نابلس میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی ایک اسرائیلی فوجی مرکز پر دھاوا بولا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق رات گئے فلسطینی مجاہدین نے گھریلو ساختہ پٹرول بموں سے ایک اسرائیلی عسکری اڈے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق اس عسکری اڈے پر ”مولوٹوف” طرز کے کم از کم پانچ بم برسائے گئے ہیں۔ اسرائیلی ریڈیو نے بتایا کہ فلسطینی حملہ آور ایک کار پر سوار تھے ، انہوں نے سوار رہتے ہوئے ہی اس فوجی مرکز پر پانچ پٹرول بم برسائے اور کامیابی سے فرار ہو گئے۔
فلسطینیوں کی اس کارروائی کے بعد صہیونی فورسز نے پورے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ صہیونی اہلکار گھر گھر گھس کر حملہ آوروں کی تلاش کرتے رہے تاہم کسی فلسطینی کے گرفتار ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
