اسلامی تحریک مزاحمت۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کا کہنا ہے کہ صہیونی عقوبت خانوں میں موجود اپنے پانچ ہزار سے زائد قیدیوں کو رہا کروانے کے لیے وہی راستہ اختیار کرنا ہوگا جس پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ سال اپنے ایک ہزار سے زائد افراد کی آزادی کے لیے اپنایا گیا۔ اتوار کے روز فلسطینی شہداء، اسیران اور زخمیوں کے ہزاروں اہل خانہ سے گفتگو کے دوران حماس کے سربراہ نے کہا کہ اپنے اسیران کو رہا کروانے کے لیے بہترین طریقہ یہی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو اغوا کرکے انکے بدلے اپنے قیدیوں کو چھڑوایا جائے۔خالد مشعل نے اس موقع پر فلسطین کے طول و عرض کی تنظیموں اور ہر طبقہ فکر کی جماعتوں سے اپیل کی کہ فلسطینی قوم میں تقسیم کو ختم کرکے اتحاد پیدا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسی مفاہمت کے خواہاں ہیں جس میں ہم سے ہماری عزت و وقار اور پرامن طریقے سے رہنے کا حق چھینا جائے نہ ہی فلسطینی قوم کے مسلمہ حقوق پر کوئی سمجھوتہ ہو۔حماس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قومی مفاہمت کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کنجی اس بات میں ہے کہ ہر فریق دوسرے کی قدر کرے۔ ہماری دعوت ہے کہ سب آئیں اور مل کر کام کریں، لیکن اس کام کو شروع کرنے کے لیے ہمیں فلسطینی مسلمہ اصولوں سے دور رہ کر آغاز کرنا ہوگا۔ فلسطینی قوم کے مسلمہ حقوق پر بہر حال سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی تاریخ سے آشنا ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ قومیں کس طرح آزاد ہوتی ہیں انہیں معلوم ہے کہ کامیابی کا راستہ یہ ہے کہ پہلے ایک سوچ پیدا کی جائے اور ہدف مقرر کیا جائے پھر آخر تک اس فکر اور ہدف میں کوئی تبدیلی نہ لائی جائے۔ لہذا ہم بھی اپنا اختیار کیا ہوا عزیمت کا راستہ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔خالد مشعل نے واضح کیا کہ بتدریج اہداف حاصل کرنے، حکمت عملی سے چلنے، مرحلہ وار اہداف طے کرنے اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے میں فرق ہے۔ لہذا اپنے مسلمہ حقوق سے دستبرداری کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات میں فرق ہے کہ ہم کبھی پرامن ہوتے ہیں اور کبھی مزاحمت اختیار کرتے ہیں، اس سب کا مقصد مختلف طریقے اختیار کرکے ہدف کو حاصل کرنا ہے، مگر ہمارا اصل راستہ مزاحمت ہے۔ جس طرح ہم اللہ کی عبادت کیلئے نماز پڑھتے ہیں ایسے ہی ہم فلسطین کو آزاد کروانے کے لیے جہاد اور مزاحمت کی راہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور اسی راہ پر اللہ کے حضور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیں گے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین