اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ آٹھ روز تک غزہ پر بارود کی برسات کرنے کے بعد طے پانے والے امن معاہدے کی ایک مرتبہ پھر خلاف ورزی کردی۔ صہیونی ٹینک اور دیگر فوجی گاڑیاں سرحدی حدود عبور کرکے غزہ داخل ہوئے اور بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی فصلوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج فلسطینیوں کا جانی نقصان کیے بغیر واپس لوٹ گئی۔ذرائع کے مطابق خان یونس شہر کی مشرقی سرحد پر واقع صوفا کراسنگ کے ذریعے اسرائیلی سات ٹینک اور دیگر گاڑیاں فخاری کے علاقے میں داخل ہوگئیں، سیکڑوں میل کی مسافت پر کھڑی فصلوں کو روند ڈالا گیا۔ اسرائیلی فوجی علاقے میں بچھی بارودی سرنگوں کو تلاش کرنے کے لیے ربوٹ بھی استعمال کرتے رہے۔ صہیونی فوج نے اس دوران متعدد فلسطینی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔یاد رہے کہ چودہ تا اکیس اکتوبر غزہ پر ہولناک بمباری کے بعد اسرائیلی فوج نے دوسری مرتبہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں داخل ہوکر فلسطینیوں کا مالی نقصان کیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین