پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ برائے آزاد فلسطین کے عسکری ونگ "ابو علی مصطفی شہید برگیڈ” نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ارکان نے غزہ میں داخلے کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجی دستے کو جوابی کارروائی کر کے پسپا کر دیا ہے جبکہ جوابی کارروائی میں مجاہدین کے راکٹ حملے سے قابض فوج کا ایک ٹینک بھی تباہ ہو گیا۔ غزہ میں بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی شام قابض فوج کا ایک مسلح دستہ بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کے ساتھ غزہ کی مشرقی سمت سے حجرالدیک کے مقام سے شہر میں داخلے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران مجاہدین نے اچانک ان پر حملہ کر دیا۔ قابض فوج نے بھی مختلف مقامات پر گولے داغے تاہم مجاہدین کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مجاہدین نے کارروائی جاری رکھی اور بالآخر قابض فوج پسپا ہوگئی۔ مجاہدین نے کارروائی میں راکٹ بھی داغے جس سے ایک ٹینک کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق رات کے وقت مجاہدین اور قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی تاہم اسرائیلی فوجی آگےبڑھنے کے بجائے واپس چلے گئے۔ مجاہدین کے حملے میں اسرائیلی فوج کی متعدد گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی تھی۔