گزشتہ چند ہفتوں سے غزہ پر متعدد بار فضائی بمباری کرنے کے بعد جمعرات کے روز صہیونی لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر غزہ کے شمال مغربی علاقے کو ہدف بنایا ہے۔ جمعرات کی صبح کی گئی اس بمباری
میں کسی فلسطینی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کا ہدف غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے خان یونس کے شمال مغرب میں واقع آبادی تھی۔ اسرائیلی طیاروں کی اس بمباری میں کسی قسم کا بڑا نقصان بھی نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ صہیونی فوج نے غزہ پر حملوں میں تیزی کر رکھی ہے گزشتہ چند روز کے درمیان غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر لگاتار حملوں میں اب تک سولہ افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے جواب میں گزشتہ چند روز کے دوران غزہ سے بھی اکا دکا گھریلو ساختہ راکٹ حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم ان راکٹ حملوں میں اب تک کوئی اسرائیلی زخمی نہیں ہوا۔
