اتوار اور پیر کی شب غزہ کی پٹی پر صہیونی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں درجن بھر افراد کو زخمی کرنے کے بعد آج صبح اسرائیلی فوج نے دوبارہ خان یونس پر گولہ باری کردی جس کی زد میں آکر ایک نوعمر لڑکی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیکل سروسز کے عملے نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے علاقے عبسان میں داخل ہوکر گولہ باری کی۔ اس گولہ باری میں علاقے کے پانی کے ذخیرے کو نشانے بنایا گیا۔ حملے کی زد میں آکر چار افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایک تیرہ سالہ لڑکی بھی شامل ہے جسے درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے قرارہ ٹاؤن پر بھی گولہ باری کی، اس گولہ باری میں تحریک جہاد اسلامی کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کا ایک مزاحمت کار زخمی ہوگیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین