اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کی فضاء میں ایک نامعلوم بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز مغربی کنارے کے جنوب میں جبل الخلیل کے قریب ایک نامعلوم ڈرون طیارے کو مارگرایا گیا ہے جس کے بعد اس کے ملبے کی تلاش جاری ہے۔ آخری اطلاعات تک مبینہ طور پر مار گرائے گئے ڈرون طیارے کا ملبہ نہیں مل پایا تھا۔
ترجمان نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ ہفتے کے روز فضائیہ نے دشمن کا ایک جاسوس طیارہ مار گرایا ہے۔ ریڈیو پر نشر بیان میں فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ غزہ کی طرف سے نہیں آیا اور نہ ہی اس میں کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد موجود تھا، یہ محض ایک جاسوس طیارہ تھا اور جاسوسی کر رہا تھا۔ جسے بروقت کارروائی کرکے مار گرایا گیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیردفاع ایہود باراک کا کہنا ہے کہ ہماری فضاء میں جاسوس طیارے کا داخلہ خطرناک ہے۔ ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ طیارہ کہاں سے آیا تھا اور اس کے کیا مقاصد تھے۔ ہم کسی دوسرے ملک کو اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
