اسلامی تحریک مزاحت ’’حماس‘‘ نے شام کے سرکاری ٹی وی پر تنظیم کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے بارے میں نازیبا الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ایک ذمہ دار ذرائع نے شامی ٹی وی کے نیوز بلیٹن میں خالد مشعل اور مصری صدر محمد مرسی کے بارے میں نامناسب الفاظ کے استعمال کو افسوسناک قراردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی ٹی وی کی طرف سے حماس کے رہ نما کے بارے میں جو الفاظ اور ریمارکس استعمال کیے گئے ہیں وہ شامی عوام کی ترجمانی نہیں کرتے۔
حماس کے رہ نما نے نام ظاہر کرنے کی شرط پرکہا کہ ان کی جماعت شامی عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی حامی ہے۔ حماس عرب اقوام اور عالم اسلام کا حصہ ہے اور جو موقف عالم اسلام اور پوری عرب برادری کا شام کے بارے میں ہے، حماس کا بھی وہی موقف ہے۔
خیال رہےکہ ترکی میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے اجلاس سے خالد مشعل کے خطاب پر شامی ٹی وی نے نہایت غیرمہذبانہ اندازمیں خالد مشعل اور مصری صدر کے بارے میں تبصرہ کیا تھا۔ ٹی وی اینکر کہ بہ قول خالد مشعل اور ڈاکٹر محمد مرسی طبلہ گروپ کے رکن ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین