فلسطینی محصور شہرغزہ کی پٹی کی مصری سرحد کے ساتھ ایک سرنگ بیٹھنے سے ایک فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سرنگ گرنے کا یہ واقعہ منگل کے روز شہر کے جنوب میں رفح کے قریب صلاح الدین چوک میں پیش آیا۔
محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد الحاج یوسف کا کہنا ہے کہ سرنگ گرنے کے بعد امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے محمد یحییٰ عقل نامی ایک نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ملبے سے نکالا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔ امدادی کارکنوں نے اس کے دوسرے ساتھی بیس سالہ کرم محمد النجار کو بھی شدید زخمی حالت میں سرنگ سے نکالا۔ جسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔ کرم النجار کے جسم کی کئی مقامات سے ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہرغزہ کے پٹی کی دیگرشہروں سے رابطہ منقطع ہونے اور اسرائیل کی اقتصادی پابندیوں کے باعث محصورین شہر مصرکی سرحد پربنائی گئی ان سرنگوں کو لائف لائن کے طور پراستعمال کرتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین