مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں۔ شہر نابلس کے جنوبی ٹاؤن عقربا میں ایک ایسے ہی واقعے کے دوران انتہاء پسند یہودی جتھے نے کھیتوں میں کام کرنے والے تین فلسطینی کسانوں پر حملہ کر دیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو بتایا کہ تین فلسطینی کسان اپنے زیتون کے باغوں اور کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ قریب زیادہ لوگوں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے ان پر حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق یہودی غنڈے بھاری اسلحے سے لیس تھے انہوں نے بندوقوں کے بٹوں سے فلسطینیوں کو مارا، یہودی آباد کاروں کی جانب سے کارروائی جاری تھی کہ اس دوران قریبی آبادی سے متعدد افراد ان تینوں کی مدد کو پہنچ گئے جنہیں دیکھ کر یہودی آباد کار فرار ہو گئے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
