القدس امور کے فلسطینی تجزیہ کار جمال عمرو نے فلسطین بھر میں شان رسالت میں گستاخی پر مبنی فلم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو القدس کی آزادی کے حوالے سے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمع رسالت کے پروانوں کی یہ بیداری القدس کو یہودی شکنجے سے آزاد کروانے میں معاون ثابت ہوگی۔
جمال عمرو کا کہنا تھا کہ عرب ممالک میں انقلابات کے بعد القدس کے معاملے کو بڑی حمیات ملی ہے اب اسرائیل قبلہ اول اور القدس کے خلاف کوئی حماقت کرنے سے قبل کئی بار سوچے گا۔ خبر رساں ایجنسی قدس پریس سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی رہنما نے بتایا کہ فلسطین بھر میں احتجاج کے دوران اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے جا رہے اور مسجد اقصی کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ عرب بہار کے بعد ان احتجاجی مظاہروں سے مسلمانوں کی تیسری مقدس ترین مسجد کو صہیونی شکنجے سے چھڑوانے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
