پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر، کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل ( ایم این اے )، سینیٹر سعید غنی، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم، سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے
جمعتہ الوداع کے مقدس موقع پر یونیورسٹی روڈ پر یوم القدس کے شرکاء کی بس پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کو ٹارگٹ کرلیا ہے، کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلا کر شہریوں کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں اور ملک کے اقتصادی حب کراچی کو مفلوج اور عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی کاروائیوں کے ذریعے شہر میں مذہبی اور لسانی فساد کروانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور دہشت گردوں کی کاروائیوں سے خوفزدہ نہ ہوں اور امن و امان برقرار رکھ کر دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیں۔ انہوں نے لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فول پروف انتظامات کریں اور بم دھماکہ کرنے والے مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی دے۔