فلسطین میں انسانی حقوق اور شہریوں کی بہبود کے لیے سرگرم 120 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں نے اتوار کے روز سیناء کے علاقے میں سولہ مصری فوجیوں کے قتل پر اسرائیل کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے مصری فوجیوں کے گھناؤنے قتل کی سازش تیار کرنے اور فلسطینیوں اور مصری قوم کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش پر صہیونی ریاست کےخلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں سرگرم این جی اوز کے نمائندگان نے بدھ کے روز ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تمام تنظیمیں سولہ مصری فوجیوں کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس اقدام میں ملوث صہیونیوں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے اس موقع پر میڈیا کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا جس میں فلسطین میں سرگرم 120 گروپوں کے سربراہان کے دستخط ثبت ہیں۔
غزہ کی پٹی میں ‘‘این جی اوز’’ نیٹ ورک کے سربراہ محسن ابو رمضان نے صحافیوں کو بتایا کہ فلسطین میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں نے سیناء کےعلاقے میں مصری فوجیوں کے قتل کی گھناؤنی سازش اور بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ تمام سماجی اور انسانی حقوق کے گروپ حملے میں مارے جانے والے فوجیوں کو شہید تصور کرتے ہوئے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز غزہ کی پٹی اور مصرکے درمیان سرحدی علاقے سیناء میں تعینات فوجیوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا تھا۔ جس کے نتیجے میں کم سے کم 16 مصری فوجی شہید اور سات زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطین اور مصر کی مختلف تنظیموں نے حملے کو صہیونیوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دے رکھا ہے۔
