فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں قائم اسلامی تحریک مزاحمت‘‘حماس’’ کی حکومت کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے واضح کیا ہے کہ سیناء کے علاقے میں نامعلوم افراد کے حملے میں مصری فوجیوں کے قتل میں غزہ کی پٹی کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سانحہ سیناء کے بارے میں مصری حکومت کی تحقیقات میں ہرقسم کا تعاون کرنے کےلیے تیار ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے یہ بات مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے ٹیلیفون پر کہی۔ وزیراعظم نے سیناء میں اتوار کو نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں مصری فوجیوں کی قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مصری عوام کا دکھ فلسطینیوں کا دکھ ہے۔ وہ مصری قوم کے اس سانحے میں اس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کا سیناء کے سانحے سے کوئی تعلق نہیں ہے اس طرح کے اقدامات فلسطین اور مصر دشمن قوتوں کی کارستانی ہے۔
وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مصری صدر سے کہا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کریں۔ اس کمیٹی کے ساتھ وہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔