قافلہ شہہ رگ کی مجلس منتظمہ کے چیئرمین انجینیئر وائل السقا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امدادی قافلہ ‘‘الانصار 3’’ اپنی تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور یہ قافلہ رمضان المبارک کے بعد ستمبر کے اوائل یا اس کے آخری دنوں میں غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
امدادی قافلے کی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام امدادی قافلے اردن کی وادی العقبہ میں جمع ہوں گے جہاں سے بحری راستے سے مصر کی نویبیع بندرگاہ کی طرف انہیں روانہ کیا جائے گا جہاں سے آگے خشکی کے راستے قافلہ غزہ اور مصر کے درمیان رفح بارڈر سےغزہ میں داخل ہو گا۔ وائلالسقا کا کہنا تھا کہ امدادی قافلے کے لیے اردن سمیت کئی دوسرے ممالک میں فنڈ ریزنگ مہم جاری ہے اور رمضان المبارک کی مناسبت سے مسلمان بڑھ چڑھ کر اس امدادی فنڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں تعمیر نو اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد کے لیے کوشاں ہیں، ہمارے ساتھ اس قافلے میں عالم عرب اوردنیا بھر سے ایک سو انسانی حقوق کے کارکن شریک ہوںگے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
