اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے سیاسی شعبے کے نائب صدرڈاکٹر موسی ٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل مصر کی قومی سلامتی کا جزو لازم ہے۔
امریکی ریڈیو "سوا” سے بات کرتے ہوئے حماس رہ نما ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ ان کی جماعت کی مرکزی قیادت کے دورہ مصر اور صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس دوران مصری صدر نے ان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مصر کی تزویراتی حکمت عملی کا جزو لازم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حماس رہ نما ڈاکٹر ابومرزوق کا کہنا تھا کہ مصری صدر کے ساتھ ان کے مذاکرات نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز رہے ہیں۔ صدر محمد مرسی نےفلسطینیوں کے درمیان مصالحت کا عمل آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مصری حکومت غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی معاشی مشکلات کےحل میں مدد کی خواہاں ہے اور سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ڈاکٹر مرزوق کا کہناتھا کہ غزہ کی پٹی میں جاری بجلی کے بحران کےحل میں مصری حکومت نے فوری مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین