اسلامی تحریک مزاحمت "حماس”کے مرکزی رہ نما اور تنظیم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے کہا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کو بلیک میل کرنے کی کوششیں چھوڑ دے۔
انکا کہنا ہے کہ فلسطینی اور حماس اپنے وطن کی ایک انچ بھی دشمن کے قبضے میں نہیں چھوڑے گی۔ جب تک فلسطین کا چپہ چپہ پنجہ یہود سے آزاد نہیں ہو جاتا ہماری جنگ جاری رہے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے لندن سے شائع ہونے والے عربی اخبار”الحیاۃ” کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں الزام عائد کیا گیاہے کہ حماس غزہ کی پٹی کو فلسطین سے الگ علاقہ قرار دینے کی حامی ہے۔ حماس کے لیڈر نے کہا کہ غزہ سمیت فلسطین کے تمام شہر صرف فلسطینی مملکت کا حصہ ہے۔ انہیں آزاد یا خود مختار علاقہ قرار دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جو اخبارات حماس پر اس طرح کی الزام تراشی کرتے ہیں وہ اپنی تشہیر کی جعلی مہم چلا رہے ہیں۔
ایک عرب خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر صلاح الدین بردویل کا کہنا تھا کہ لندن اخبار کی رپورٹ کے پس پردہ عناصر کار فرما ہیں جو حماس اور فلسطینی قوم کے دشمن ہیں۔ حماس فلسطینی عوام کے تمام مسلمہ حقوق اور مطالبات پر جس طرح ماضی میںقائم رہی ہے اسی طرح آج بھی اور آئندہ بھی قائم رہے گی۔
ہمیں اپنے وطن کی آزادی اور تمام حقوق کے حصول کے لیے چاہے جس طرح کی قیمت اور قربانی ادا کرنا پڑے ہم ادا کریں گے۔ ہم نے آج تک اپنے ہزاروں جوان، بوڑھے، بچے اور عورتیں فلسطین کی آزادی پر قربان کی ہیں۔
یہ کس طرح ہوسکتا ہے کہ ہم فلسطین کے اٹوٹ انگ غزہ کی پٹی کو ہم ایک خود مختار علاقہ قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بورے وثوق کے ساتھ کہہ دینا چاہتا ہوں کہ فلسطین کے بغیر غزہ نہیں اور غزہ کے بغیر فلسطینی ریاست کا کوئی تصور نہیں ہو گا۔
حماس رہ نما نے مصری حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کو موثر اندازمیں عالمی فورمز پر اٹھائے اور غزہ کی پٹی اور بیت المقدس کے بارے میں دشمن کے حامی میڈیا کے ذریعے پیدا کی گئی غلط فہمیوں کا ازالہ کرے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین