اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں جماعت کا وفد مراکش کے دورے سے واپس قاہرہ پہنچ گیا ہے
جہاں ہفتے کے روز خالد مشعل کی سربراہی میں اخوان المسلمون کے مرشدعام ڈاکٹر محمد بدیع اور اسلامی تعاون تنظیم”او آئی سی” کےسیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو سے ملاقات کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کے وفد نےہفتے کے روز پہلے اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کےامور، فلسطین کی تازہ صورت حال اورحماس کی قیادت کے عرب ممالک کے دورے اورفلسطینیوں کے درمیان مفاہمتی مساعی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خالد مشعل نے اخوان المسلمون کے سربراہ کو اپنے افریقی ممالک تیونس اور مراکش کے کامیاب دورے کے بارے میں بریفنگ دی۔
بعد ازاں قاہرہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے مقامی دفتر میں او آئی سی کے سربراہ پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں حماس کےسیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل، نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ مرزوق اور دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے حماس کی قیادت کویقین دلایا کہ مسئلہ فلسطین او آئی سی کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور وہ فلسطین میں ہونے والی کسی بھی قسم کی پیش رفت پرنظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام فلسطینی دھڑوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر قومی مفاد میں ایک ہوجانا چاہیے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین