اسرائیلی فوج اور اس کے انٹیلی جنس اداروں نے مقبوضہ بیت المقدس سے کئی فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔
صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ حراست میں لے گئے فلسطینی صہیونی فوجیوں کے اغواء کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور انہین بعض فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت بھی حاصل تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے داخلی سلامتی کے ادارے”شاباک” کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے بیت المقدس سے فلسطینیوں کے ایک خفیہ سیل کا پتہ چلا کر کئی افراد کو حراست میں لیا ہے۔ یہ خفیہ سیل فلسطینی مزاحمتی تنظیموں اور جہادی گروپوں نے اسرائیلی فوجیوں کے اغواء کے لیے بنا رکھا ہے۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے دو ماہ قبل ایک باون سالہ رجب صلاح الدین اور اس کے ساتھ نصیف سعید کو شمالی بیت المقدس میں حزما کے مقام سے حراست میں لیا تھا، ان کی نشاندہی پر مزید کئی اور افراد کو بھی پکڑا گیا ہے۔ جن پر الزام ہے کہ وہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں یہودی فوجیوں کے اغواء کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
