شام میں فلسطینی تنظیم آزادی فلسطین کےزیرانتظام فلسطین فری آرمی کے دو درجن اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد شہیدکردیا ہے۔
دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے فلسطینی شہریوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے رہ نما اور جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے اپنے ایک بیان میں فلسطینی فری آرمی کے سترہ جوانوں کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہادت کی شدید مذت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی شام میں مہمان کی حیثیت سےرہ رہے ہیں۔ ہمارا وہاں پر جاری بحران میں کسی ایک فریق کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ تمام فلسطینی غیر جانب دار ہیں۔ اس کے باوجود ہمارے جوانوں کا اس بے دردی کے ساتھ قتل ناقابل قبول ہے۔ ہم اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شامی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واردات کی تحقیقات کرائے اور اس میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے۔
قبل ازیں بدھ کے روز شامی حکومت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فلسطینی فری آرمی کے کوئی سترہ اہلکار حماۃ شہر میں ایک تربیتی ورکشاپ سے واپس آ رہے تھے کہ انہیں نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا جس کے بعد انہیں قتل کرکے لاشیں سڑک پر پھینک دی گئیں۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
