فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت۔حماس۔ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میںتنظیم کے ایک وفد نے اسرائیلی جیل کے سابق اسیران احلام تمیمی
اور نزار تمیمی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
حماس کی قیادت نے اتوار کو عمان میں فلسطینی قانون ساز کونسل کے اسیر اسپیکر ڈاکٹر عزیز الدویک کی اہلیہ کی عیادت بھی کی جو کہ عمان کے ایک اسپتال میں کچھ عرصے سے زیر علاج ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل کی قیادت میں حماس کے وفد نے احلام ونزار تمیمی کی رہائش گاہ پرجا کر انہیں شادی پر مبارک باد پیش کی۔ خیال رہے کہ بتیس سالہ احلام تمیمی اور اڑتیس سالہ نزار تمیمی نے سترہ جون کواردن کے دارالحکومت عمان میں شادی کی تھی۔
دونوں میاں بیوی اسرائیل کی جیل میں تھے جہاں انہوں نے ملاقات کے دوران رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ احلام تمیمی کو صہیونی فوج نے گذشتہ برس حماس کے ساتھ اپنے سپاہی گیلاد شالیت کی رہائی کے لیے کی گئی ڈیلنگ کے دوران رہا کرکے اردن جلا وطن کردیا تھا۔ جبکہ نزار تمیمی کو کئی ماہ بعد رہا کرکے مغربی کنارے میں نظر بند کردیا تھا۔ نزارنے کئی مرتبہ اردن جانے کی کوشش کی تاکہ وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوسکیں تاہم چار مرتبہ صہیونی فوج نے انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا، تاہم بعد ازاں انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
